
راولپنڈی، 13 نومبر 2026 (غفران): پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بابر اعظم ایک بار پھر سنچری بنانے میں ناکام رہے، جبکہ پاکستان نے کھانے کے وقفے تک دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا لیے اور مجموعی برتری 139 رنز تک پہنچ گئی۔ سری لنکن بولرز نے خراب روشنی کے باوجود صبح کے سیشن میں چار وکٹیں حاصل کرکے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی تاکہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرسکیں۔ بابر اعظم 34 رنز بنانے کے بعد فاسٹ بولر ملان رتھنائیکے کی گیند پر لیگ سائیڈ کے قریب شارٹ اسکوائر لیگ پر موجود فیلڈر کو آسان کیچ دے بیٹھے، جس کے ساتھ ہی ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری کا انتظار 42 اننگز تک بڑھ گیا۔ سلمان علی آغا بھی اسی انداز میں رتھنائیکے کا شکار بنے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد پاکستان کا اسکور 125 رنز پر 5 وکٹیں ہوگیا۔ دن کے آغاز پر ہی لاہیرو کمارا نے پہلی گیند پر گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹر اذان اویس کو 22 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ اگلے اوور میں اسیتھا فرنینڈو نے محمد طحہٰ کو 24 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کروا دیا۔ سری لنکا کو بابر اعظم کو 22 رنز پر آؤٹ کرنے کا موقع بھی ملا، تاہم کمیندو مینڈس فرنینڈو کی گیند پر آسان کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔ بابر اعظم نے اپنی اننگز میں چھ چوکے لگائے اور سعود شکیل کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ کھانے کے وقفے پر سعود شکیل 23 اور غازی غوری 7 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ خراب روشنی کے باعث کھیل تقریباً 20 منٹ تک روکنا پڑا۔ اسیتھا فرنینڈو نے 20 رنز دے کر 2 جبکہ ملان رتھنائیکے نے 32 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔