
اسلام آباد، 17 نومبر 2026 (غفران): ایران کے ساتھ جنگ اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی عوامی حمایت ان کے صدارتی دور کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ رائٹرز اور اِپسوس کے تازہ سروے کے مطابق صرف 32 فیصد امریکی شہری صدر ٹرمپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، جبکہ اکتوبر میں ان کی مقبولیت 31 فیصد کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔ چار روزہ سروے، جو پیر کو مکمل ہوا، ظاہر کرتا ہے کہ اکتوبر کے وسط سے ہونے والے مسلسل چار جائزوں میں ٹرمپ کی مقبولیت تقریباً ایک ہی سطح پر برقرار رہی ہے۔ سروے میں ایران کے خلاف امریکی جنگ کی حمایت بھی انتہائی کم سامنے آئی، جہاں صرف 31 فیصد شرکا نے فوجی کارروائیوں کی حمایت کی۔ ایران تنازع کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور معاشی دباؤ نے امریکی گھرانوں کے مالی مسائل میں اضافہ کیا ہے، جس سے حکومت کے خلاف عوامی بے اطمینانی مزید بڑھی ہے۔ جنگ کے معاشی اثرات اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں کو 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی ایک اہم وجہ بھی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیموکریٹس جنوری میں سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں کا کنٹرول سنبھالنے کی توقع رکھتے ہیں۔ سروے میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر سینیٹ کی قیادت کے حوالے سے بھی بڑھتی ہوئی ناراضی سامنے آئی ہے، جہاں سینیٹ میں اقلیتی رہنما چک شومر کو اپنی ہی جماعت کے سینیٹر کرس وان ہولن کی جانب سے قیادت کے چیلنج کا سامنا ہے۔ سروے میں 43 فیصد ڈیموکریٹس نے چک شومر کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کیا، جبکہ 34 فیصد نے انہیں پسندیدہ قرار دیا اور 22 فیصد نے کہا کہ وہ ان سے واقف نہیں ہیں۔ فروری میں ہونے والے رائٹرز اور اِپسوس کے سروے میں 38 فیصد ڈیموکریٹس نے شومر کے حق میں جبکہ 37 فیصد نے ان کے خلاف رائے دی تھی۔ دوسری جانب کرس وان ہولن نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسرائیل کو بعض امریکی ہتھیاروں کی فروخت محدود کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ چک شومر نے بھی اسرائیلی حملوں پر تنقید کی ہے، تاہم وہ اسرائیل کو اسلحے کی فروخت محدود کرنے کی تجاویز کے خلاف ووٹ دے چکے ہیں۔ اس معاملے نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر اسرائیل کی حمایت کے حوالے سے اختلافات کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک رہنما حکیم جیفریز کو شومر کے مقابلے میں بہتر عوامی تاثر حاصل ہوا، جہاں 40 فیصد ڈیموکریٹس نے ان کے حق میں جبکہ 29 فیصد نے ان کے خلاف رائے دی، جبکہ 29 فیصد افراد ان کے بارے میں لاعلم تھے۔ اس کے برعکس ریپبلکن پارٹی میں قیادت کے حوالے سے حمایت زیادہ مضبوط رہی، جہاں 75 فیصد ریپبلکنز نے ٹرمپ اور 77 فیصد نے نائب صدر جے ڈی وینس کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا۔ رائٹرز اور اِپسوس کا یہ سروے امریکہ بھر میں ایک ہزار 521 بالغ شہریوں سے آن لائن کیا گیا، جس میں غلطی کا ممکنہ تناسب تقریباً تین فیصد بتایا گیا ہے۔