
ایتھنز، 26 ستمبر 2026 (کامران راجہ): یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے سیاحتی علاقے پلاکا میں دھماکے کے نتیجے میں دو منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے سے ایک خاتون جاں بحق اور پانچ افراد لاپتا ہوگئے۔ یونانی حکام کے مطابق جمعہ کو ہونے والے دھماکے میں تین افراد زخمی ہوئے جبکہ قریبی گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ امدادی کارکنوں نے ریسکیو کتوں کی مدد سے ملبے میں تلاش کے دوران ہفتے کی صبح ایک نوجوان خاتون کی لاش برآمد کی۔ حکام ایک اپارٹمنٹ میں رہنے والے معمر جوڑے اور دوسرے اپارٹمنٹ میں مقیم چار سیاحوں کی تلاش کر رہے ہیں۔ لاپتا سیاحوں کی قومیت کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ پولیس کے مطابق سیاحوں نے جمعہ کی سہ پہر ایتھنز ایئرپورٹ سے پرواز پکڑنی تھی لیکن وہ ایئرپورٹ نہیں پہنچے۔ دھماکے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی، تاہم ایتھنز کے میئر حارث دوکاس نے کہا کہ ممکنہ طور پر یہ واقعہ گیس کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق ہوسکتا ہے۔ متاثرہ عمارت ایک ایسے علاقے میں واقع تھی جہاں ایکروپولس اور ٹیمپل آف اولمپین زیوس سمیت اہم سیاحتی مقامات موجود ہیں۔