پاکستان کے مشہور پیرالمپین حیدر علی نے 2024 پیرالمپک گیمز پیرس کے لیے اپنی تیاریوں کو مکمل کر لیا ہے، اور قوم کو ایک اور شاندار تمغے کی امید ہے۔
چیئرمین پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) سے معروف پیرااولمپین حیدر علی نے جِناح اسٹیڈیم، اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں رواں ماہ کے آخر میں پیرس میں ہونے والی پیرا اولمپکس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ایس بی نےاور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ایس بی نے حیدر علی کے لیے اسلام آباد میں ایک خصوصی تربیتی کیمپ قائم کیا ہے اور ان کے ہوائی ٹکٹ، یومیہ الاؤنس، اور یونیفارم کے اخراجات بھی فراہم کر رہا ہے۔
پاکستان کے معروف پیرالمپین حیدر علی نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ حیدر علی کی کامیابیوں کا سفر 2008 میں چین میں ہونے والے پیرالمپک گیمز سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے لمبی چھلانگ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں پی ایس بینے 1 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا ۔
اس کے بعد 2016 میں برازیل میں ہونے والے پیرالمپک گیمز میں حیدر علی نے لمبی چھلانگ میں کانسی کا تمغہ جیت کر اپنے ملک کا وقار مزید بلند کیا، جس پر انہیں پی ایس بی سے 25 لاکھ روپے کا نقد انعام ملا۔
حیدر علی نے 2021 کے جاپان پیرالمپک گیمز میں ڈسکس تھرو میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، جس پر انہیں ایک بار پھر پی ایس بی نے 25 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا۔ ان کی کامیابیوں کا سلسلہ یہاں ختم نہیں ہوا بلکہ 2018 کے ایشین پیرالمپک گیمز انڈونیشیا میں انہوں نے جویلن تھرو اور ڈسکس تھرو میں سونے کے تمغے اور لمبی چھلانگ میں کانسی کا تمغہ جیتا، جس پر انہیں پی ایس بی نے مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا ۔
2019 میں دبئی میں ہونے والے ورلڈ پیراتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حیدر علی نے ڈسکس تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ اسی سال چین میں ہونے والے ورلڈ پیراتھلیٹکس گرینڈپری چیمپئن شپ میں انہوں نے جویلن تھرو اور ڈسکس تھرو دونوں میں سونے کے تمغے جیتے۔
حیدر علی نے 2023 میں چین میں ہونے والے ایشین پیرالمپک گیمز میں ڈسکس تھرو میں ایک اور سونے کا تمغہ جیت کر اپنی کامیابیوں کی فہرست میں ایک اور روشن باب کا اضافہ کیا۔ ان کی یہ غیر معمولی کارکردگی پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنی ہوئی ہے۔
Editor : Kamran Raja