Monday, November 23

امریکی سرکاری اداروں کا چوری شدہ ڈیٹا فروخت کرنے کے الزام میں کراچی سے ملزم گرفتار

NCCIA arrests suspect over alleged sale of stolen US government data in Karachi

اسلام آباد، 20 نومبر 2026 (غفران): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے امریکی سرکاری اداروں، قانون نافذ کرنے والے محکموں اور نجی کمپنیوں کا چوری شدہ خفیہ ڈیٹا حاصل کرنے، اپنے قبضے میں رکھنے اور فروخت کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ این سی سی آئی اے کے بیان کے مطابق ملزم آن لائن ’’ڈی پی بروس‘‘ (DP کے نام سے سرگرم تھا اور مبینہ طور پر سائبر کرائم پلیٹ فارم لیک بیس (اور ٹیلی گرام کے ذریعے چوری شدہ ڈیٹا بیس کی تشہیر اور فروخت کرتا تھا۔ متاثرہ معلومات میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی)، سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے)، امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ دفاع، مختلف پولیس محکموں اور نجی کاروباری اداروں سے متعلق ڈیٹا شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق ملزم مبینہ طور پر بٹ کوائن سمیت کرپٹو کرنسی کے ذریعے ادائیگیاں وصول کرتا تھا۔ مصدقہ معلومات کی بنیاد پر این سی سی آئی اے کی ٹیم نے 11 نومبر کو کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ایک مقام پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا اور کارروائی کے دوران ایک لیپ ٹاپ بھی قبضے میں لے لیا۔ ابتدائی فرانزک جانچ کے دوران لیپ ٹاپ سے متعدد ڈیٹا بیس اور ایسی فائلیں برآمد ہوئیں جن میں حساس معلومات موجود تھیں، جبکہ ڈیجیٹل شواہد سے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے چوری شدہ ڈیٹا کی ترسیل اور فروخت کا انکشاف ہوا۔ اس سلسلے میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016، ترمیم شدہ 2025 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جن میں غیر مجاز ڈیٹا تک رسائی، نقل اور ترسیل، الیکٹرانک جعل سازی، فراڈ اور شناختی معلومات کے غلط استعمال سے متعلق جرائم شامل ہیں۔ این سی سی آئی اے نے کہا ہے کہ چوری شدہ ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث سائبر کرائم نیٹ ورکس اور دیگر ملکی و بین الاقوامی سائبر جرائم پیشہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔