
اسلام آباد، 16 نومبر 2026 (کامران راجہ): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے موافقت کے فنڈز تین گنا کرنے کے باوجود کمزور اور متاثرہ ممالک کی ضروریات کا 30 فیصد سے بھی کم حصہ پورا ہو سکے گا، انہوں نے امیر ممالک اور بڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک پر مالی معاونت بڑھانے پر زور دیا ہے۔ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو 2035 تک موسمیاتی موافقت کے لیے سالانہ 305 ارب ڈالر درکار ہوں گے، جبکہ عالمی سطح پر موسمیاتی مالی معاونت کے لیے 1.3 ٹریلین ڈالر کے وسیع تر ہدف کے مقابلے میں سالانہ تقریباً 840 ارب ڈالر کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی آفات کئی دہائیوں کی ترقیاتی کامیابیوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور کمزور ممالک کو مزید قرضوں میں دھکیل رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے بین الاقوامی موسمیاتی فنڈز پر زور دیا کہ مالی معاونت کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور فوسل فیول پر انحصار ختم کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوسل فیول کی پیداوار میں مسلسل اضافے کے ساتھ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب برطانیہ، ناروے اور کینیڈا کے ترقیاتی مالیاتی اداروں نے 2030 تک ابھرتی ہوئی معیشتوں میں موسمیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب ڈالر فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ کانفرنس میں اخراجات میں کمی کے لیے قائم میٹیگیشن ورک پروگرام کے مستقبل پر بھی مختلف ممالک کے درمیان اختلافات سامنے آئے، جہاں ترقی پذیر ممالک نے رضاکارانہ اقدامات اور مالی و تکنیکی معاونت میں اضافے کا مطالبہ کیا، جبکہ یورپی یونین اور دیگر ترقی یافتہ ممالک نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے مزید مؤثر اقدامات پر زور دیا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے غذائی تحفظ پر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ماہرین نے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور بتایا کہ موسمیاتی ترقیاتی مالی معاونت کا صرف پانچ فیصد حصہ زراعت کے لیے مختص کیا جاتا ہے۔ اپنے آخری موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے انتونیو گوتریس نے حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ بڑے آلودگی پھیلانے والے اداروں کو جواب دہ بنایا جائے اور فوسل فیول کمپنیوں کے غیر معمولی منافع پر ٹیکس عائد کرکے موسمیاتی آفات سے متاثرہ آبادیوں کی مدد کی جائے۔ کانفرنس میں موسمیاتی کارکنوں نے بھی موسمیاتی انصاف، قرضوں کی منسوخی اور متاثرہ ممالک کو مالی معاونت فراہم کرنے کے مطالبات کیے۔