Thursday, April 16

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیف وہپ و رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی کی رہائش گاہ، جکھرانی ہاؤس جیکب آباد کا دورہ

 

اسلام آباد: 14 اپریل 2026 (کامران راجہ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیف وہپ و رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی کی رہائش گاہ، جکھرانی ہاؤس جیکب آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میر اعجاز حسین جکھرانی کے والد، سابق رکن قومی اسمبلی میر احمد نواز خان المعروف میر بابل خان جکھرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں اور ان کا بچھڑنا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ میر اعجاز حسین جکھرانی اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مرحوم میر بابل خان جکھرانی کی طویل سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مدبر سیاسی و سماجی شخصیت تھے جن کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو صبرِ جمیل کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر عزت ملی ہے، پوری دنیا پاکستان کی تعریف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کی وجہ سے امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی ہوئی اور 47 سالہ دشمنی کے باوجود فریقین کو ایک میز پر لانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مشاورت جاری ہے اور ایران و امریکہ جنگ بندی پوری قوم کی کامیابی ہے۔