Friday, April 3

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کی ملاقات

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کی ملاقات The pakistan Times

اسلام آباد: 2 اپریل 2026(کامران راجہ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں وزیر اعظم کے کفایت شعاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے قومی وسائل کے مؤثر استعمال اور مالی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر قومی اسمبلی اور اس کی قائمہ کمیٹیوں میں قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر اور فعال بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے پارلیمانی امور میں بہتری کے لیے باہمی مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اختیار کیے گئے کفایت شعاری اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فیول اور توانائی کے استعمال میں کمی کے لیے 75 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اپنی تمام بجلی کی ضروریات گرین پارلیمنٹ سولر سسٹم کے ذریعے پوری کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس کے دوران صرف 200 ملازمین کو فزیکلی ڈیوٹی پر تعینات کیا جاتا ہے تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تقریباً دو ارب روپے تک کی بچت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ملاقات میں شریک معزز اراکین نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کفایت شعاری اقدامات کو سراہا اور انہیں موجودہ حالات میں ایک مثبت اور ذمہ دارانہ قدم قرار دیا۔

شرکاء نے قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار کو مضبوط کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا اور اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔