Sunday, October 18

اسحاق ڈار کی ایرانی اور مصری وزرائے خارجہ سے علاقائی صورتحال پر گفتگو

Ishaq Dar Holds Talks with Iranian and Egyptian Foreign Ministers on Regional Situation

اسلام آباد، 18 اکتوبر 2026 (نوشین): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور بغداد میں جاری اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس پر بھی بات چیت کی۔ اسحاق ڈار نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے پاکستان اور مصر کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی حالیہ پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا اور سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کی۔ گفتگو میں پاکستان، مصر، ترکیہ اور سعودی عرب پر مشتمل آر فور فریم ورک کے تحت تعاون پر بھی بات ہوئی۔ دونوں جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امور پر رابطہ کاری بہتر کرنے کے لیے آر فور کا آئندہ اجلاس جلد منعقد کیا جائے گا۔