
اسلام آباد، 9 اکتوبر 2026 (نوشین): ہولی سی کے سیکریٹری برائے ریاستی تعلقات آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگھر نے ثالثی، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کیا۔ آرچ بشپ گالاگھر پاکستان اور ہولی سی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے دورے پر ہیں۔ نائب وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے فروغ میں ہولی سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پاکستان کی کیتھولک برادری کی قابلِ قدر خدمات کی بھی تعریف کی۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے امن اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ہولی سی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف مذاہب کے درمیان باہمی احترام، مفاہمت اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔