اسلام آباد، 19 نومبر 2026 (نوشین): ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک تہران کی جانب سے پیش کردہ سات شرائط پوری نہیں کی جاتیں، جبکہ ایران نے آبی گزرگاہ کے تنازع کے حل تک اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات سے بھی انکار کر دیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا انحصار ایران کے مطالبات کی منظوری پر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تہران موجودہ صورتحال کو مزید جاری رکھنے کے لیے تیار نہیں۔ ایران کا مؤقف ہے کہ امریکا کو پہلے اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرنا ہوگی اور دیگر شرائط پوری کرنا ہوں گی، جس کے بعد ہی اہم بحری گزرگاہ کو کھولنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ ایران کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران نے آبنائے ہرمز کی بحالی کو اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ممکنہ سفارتی مذاکرات کے ساتھ مشروط کر دیا ہے۔
