
اسلام آباد، 15 نومبر 2026 (غفران): ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دو آئل ٹینکروں میں دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا، تاہم خبر رساں ادارے رائٹرز نے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہ ہونے کا بتایا ہے۔ دوسری جانب بحرین نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مملکت کو نشانہ بنانے والے ایران کے متعدد فضائی حملوں کو روک کر تباہ کر دیا۔ بحرین کی دفاعی فورس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایران پر بحرین کی سرزمین کو مسلسل جارحانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حملوں کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بحرین کی تمام دفاعی یونٹس ہائی الرٹ ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اس سے قبل ایران کے اسلامی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بحرین کے العریفہ ایئر بیس پر قائم امریکی ریڈار دفاعی تنصیب کو چھ ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، تاہم حملے سے ہونے والے ممکنہ نقصان یا جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی پر نشر کیے گئے بیان میں پاسداران انقلاب نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے آبی گزرگاہ سے بحری جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے میں واشنگٹن کی ناکامی قرار دیا۔ ایرانی فورس نے خبردار کیا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور تباہ کن انداز میں دیا جائے گا۔