Saturday, November 14

کوپ 31 میں فوسل فیول پر اختلافات، اقوام متحدہ کے ماحولیاتی سربراہ کا مذاکرات تیز کرنے پر زور

UN Climate Chief Urges Swift Agreement as COP31 Faces Fossil Fuel Disputes

انطالیہ، 14 نومبر 2026 (نوشین): اقوام متحدہ کے ماحولیاتی امور کے سربراہ سائمن اسٹیل نے ترکیہ میں جاری کوپ 31 ماحولیاتی کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات میں تیزی لائیں اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کریں کیونکہ عالمی کانفرنس دوسرے اور آخری ہفتے میں داخل ہو رہی ہے۔ ہفتے کو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سائمن اسٹیل نے کہا کہ مؤثر معاہدے تک پہنچنے کے لیے تمام شریک ممالک کو سمجھوتہ کرنا ہوگا، کیونکہ ہر نکتے اور شق پر اتفاق رائے پیدا کرنا مشکل ضرور ہے لیکن انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مندوبین پر زور دیا کہ وہ مشکل ترین معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور مذاکرات میں حکمت عملی کے تحت تاخیر سے گریز کریں۔ عالمی تنازعات، جنگوں، مہنگائی اور دیگر بین الاقوامی بحرانوں کے باعث ماحولیاتی تبدیلی دنیا کی حکومتوں کی ترجیحات میں پیچھے جا رہی ہے، جس سے مذاکرات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ اجلاس میں شامل بڑے فوسل فیول پیدا کرنے اور استعمال کرنے والے ممالک ایسی تجاویز کی مخالفت کر رہے ہیں جن کے تحت تیل، گیس اور کوئلے کے استعمال میں کمی یا ان سے مرحلہ وار منتقلی کے لیے نئے پابند اہداف مقرر کیے جا سکتے ہیں۔ اس اختلاف نے کانفرنس کے میزبان ترکیہ اور مذاکرات کے سربراہ آسٹریلیا کے لیے ایک جامع ماحولیاتی معاہدے تک پہنچنے کا عمل مشکل بنا دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی گزشتہ ماہ جاری ہونے والی رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ دنیا پہلے ہی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کی حد عبور کرنے کی راہ پر گامزن ہے، جسے سائنس دان موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہیں۔ آسٹریلیا کے کوپ 31 مذاکراتی صدر کرس بوون نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کا ابتدائی مسودہ آئندہ ہفتے کے آغاز میں سامنے آنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب ترکیہ عالمی سطح پر بجلی کے استعمال کو فروغ دینے کی تجویز کو حتمی معاہدے کا مرکزی حصہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پٹرول اور گیس سے چلنے والی گاڑیوں، ہیٹنگ سسٹمز، صنعتی بھٹیوں اور دیگر آلات کی جگہ بجلی سے چلنے والے متبادل نظام متعارف کرا کے کاربن اخراج میں تیزی سے کمی لانا ہے۔ تاہم اس تجویز میں یہ شرط شامل نہیں کہ استعمال ہونے والی بجلی قابل تجدید ذرائع سے پیدا کی جائے، جس پر ماحولیاتی کارکنوں اور کئی ممالک کے وفود نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب اور روس جیسے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک روایتی طور پر فوسل فیول کے استعمال پر پابندیاں عائد کرنے کی مخالفت کرتے رہے ہیں، جبکہ بھارت جیسی بڑی ترقی پذیر معیشتوں کا مؤقف ہے کہ سخت ماحولیاتی شرائط ان کی اقتصادی ترقی اور توانائی کے انتخاب کو محدود کر سکتی ہیں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکا مسلسل دوسرے سال کانفرنس میں شریک نہیں ہوا۔ ٹرمپ عالمی حدت کے خدشات کو مسترد کرتے اور فوسل فیول کے مسلسل استعمال کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ مذاکرات میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق سوال پر سائمن اسٹیل نے کہا کہ بات چیت تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، تاہم شریک ممالک کے درمیان بنیادی نوعیت کے اختلافات بدستور موجود ہیں۔