Tuesday, September 22

کولن انگرام کی پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

Colin Ingram Retires from Professional Cricket

کارڈف، 22 ستمبر، 2026 (غفران): جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز کولن انگرام نے 22 سال سے زائد عرصے پر محیط کرکٹ کیریئر کے بعد پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 41 سالہ کولن انگرام نے سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوچنگ کے ذریعے کھیل سے وابستہ رہنا اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ انگرام نے کہا کہ کھیل سے دور ہونے کا یہ درست وقت ہے، تاہم وہ نئی حیثیت میں گلیمورگن کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے اور مستقبل کے کھلاڑیوں کی ترقی میں مدد دینے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے 2015 میں کولپیک کھلاڑی کی حیثیت سے گلیمورگن میں شمولیت اختیار کی تھی، بعد ازاں قوانین میں تبدیلی کے بعد اوورسیز معاہدے کے تحت کلب کے لیے کھیلتے رہے۔ کولن انگرام نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی کامیاب کیریئر بنایا اور انڈین پریمیئر لیگ، ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ، پاکستان سپر لیگ، بگ بیش لیگ اور ایس اے 20 سمیت مختلف لیگز میں شرکت کی۔ جنوبی افریقہ کے لیے ان کا بین الاقوامی کیریئر 2010 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے ڈیبیو پر سنچری سے شروع ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے پاکستان کے خلاف بھی سنچری اسکور کی جبکہ 2013 میں اسی ٹیم کے خلاف تیسری ون ڈے سنچری بنائی۔ انگرام نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے اور 2012 میں بھارت کے خلاف اپنے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 78 رنز بنائے۔