
راولپنڈی، یکم اکتوبر 2026 (کامران راجہ): ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج شام 5 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ اس دوران فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے صحافیوں کو اہم قومی اور سیکیورٹی امور پر بریفنگ دی جائے گی۔ دریں اثنا، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا، جنہیں مبینہ طور پر کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کی موجودگی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کے ٹھکانے اور سرنگیں تباہ کر دیں۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جبکہ متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ برآمد ہونے والے دھماکا خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے تلف کر دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔