Sunday, November 29

چین کی 3 ٹریلین ڈالر کی درآمدی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کا حصہ صرف 0.1 فیصد

Pakistan Seeks Greater Export Access to China’s $3 Trillion Import Market

بیجنگ، 29 نومبر 2026 (کامران راجہ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چین کو تقریباً 3 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے، جبکہ چین کی سالانہ درآمدات کا حجم تقریباً 3 ٹریلین ڈالر ہے، جس کے باعث چینی درآمدی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ محض 0.1 فیصد ہے، انہوں نے چینی نائب وزیر تجارت یان ڈونگ سے ملاقات کے دوران سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز) کے قیام میں تیزی لانے، پاکستانی برآمدات بڑھانے اور تجارتی مواقع کو وسعت دینے سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا، احسن اقبال نے کہا کہ چین کی وسیع مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کے لیے ترقی کے بڑے امکانات موجود ہیں، جبکہ سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز میں برآمدی صنعتوں کے لیے سرمایہ کاری راغب کرنے اور پاکستانی کاروباری وفود کی چینی تجارتی نمائشوں اور کاروباری اجلاسوں میں شرکت کو سہولت فراہم کرنے پر بھی بات ہوئی، ان اقدامات سے پاکستانی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، چینی خریداروں سے براہ راست روابط قائم کرنے اور طویل مدتی تجارتی شراکت داریوں کے فروغ کے مواقع ملیں گے، وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سی پیک 2.0 اور اڑان پاکستان کے تحت صنعتی سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے مواقع بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے چین کی ریاستی کونسل کے ترقیاتی تحقیقی مرکز کے صدر لو ہاؤ سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور معاشی خودمختاری مضبوط بنانے کے لیے تحقیقی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کا راستہ برآمدات میں اضافے سے وابستہ ہے اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی فروخت بڑھانے کے لیے چین کے تعاون سے صنعت کاروں اور کسانوں کو مواقع فراہم کرنے پر بات چیت جاری ہے۔