استنبول، 31 اگست 2026 (کامران راجہ): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف دی ترک جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بایراکتار اوغلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے نمائندگان شریک ہوئے۔ تینوں ممالک نے اسٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی تعاون کے فروغ اور مشترکہ سکیورٹی مفادات سے متعلق امور پر قریبی تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ ملاقاتوں اور اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
