Tuesday, July 21

پی سی بی نے “ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز” سیزن ٹو کا اعلان کر دیا

لاہور20جولائ 2026(کامران راجہ): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے “پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز” کے دوسرے سیزن (2026-27) کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی اسامہ شارون اور سابق قومی کپتان مصباح الحق نے خطاب کیا۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ سکول کرکٹ کے پہلے سیزن کی کامیابی کے بعد دوسرے سیزن کو مزید وسعت دی گئی ہے تاکہ ملک بھر سے زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکے۔

حکام کے مطابق پہلے سیزن میں 39 اضلاع کے سکولوں نے حصہ لیا تھا، جبکہ دوسرے سیزن میں 100 اضلاع کے سکول شریک ہوں گے۔ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز 2026-27 میں ملک بھر سے مجموعی طور پر 1,200 سکول حصہ لیں گے۔

پی سی بی کے مطابق سکولوں کے ٹریننگ کیمپ 10 اگست سے شروع ہوں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے کیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کو چار مراحل میں منعقد کیا جائے گا، جن میں شریک سکول ٹیمیں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح پر مرحلہ وار مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

پریس کانفرنس کے دوران اسامہ شارون اور مصباح الحق نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ملک کے کونے کونے سے کرکٹ ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑی تیار کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام سکولوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مالی معاونت (فنڈنگ) اور تکنیکی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ نوجوان کھلاڑی بہترین ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔