
اسلام آباد، 28 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026 کا آغاز یکم اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پاکستان بھر سے صوبائی اور علاقائی سطح کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے حصہ لیں گی۔ جڑواں شہروں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث ملتوی کی جانے والی چیمپئن شپ اب نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی، جبکہ تمام شریک ٹیموں کی 29 ستمبر کو اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ شریک ٹیموں میں پنجاب پوٹھوہار، پنجاب روہتاس، سندھ مہران، سندھ انڈس، بلوچستان ہنگول، بلوچستان بولان، کے پی کے ہمالیہ، کے پی کے خیبر، گلگت بلتستان قراقرم اور اسلام آباد مارگلہ شامل ہیں۔ ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں ایک گروپ چار جبکہ دیگر دو گروپس تین، تین ٹیموں پر مشتمل ہوں گے۔ ہر گروپ کی سرفہرست ٹیم اور تینوں گروپس میں بہترین کارکردگی دکھانے والی دوسری پوزیشن کی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ گروپس کا ڈرا 30 ستمبر کو شام 4 بجے جناح اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے علامہ اقبال ہاسٹل کے میٹنگ ہال میں ہونے والی منیجرز میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔ گروپ مرحلہ یکم سے 6 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔ 7 اکتوبر کو آرام کا دن ہوگا، جبکہ سیمی فائنلز 8 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ 9 اکتوبر کو ایک اور آرام کے دن کے بعد چیمپئن شپ کا اختتام 10 اکتوبر کو تیسری پوزیشن کے پلے آف اور فائنل کے ساتھ ہوگا۔ چیمپئن شپ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ملکی فٹبال کو بحال اور مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر مقابلے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے ابھرتے ہوئے فٹبال ٹیلنٹ کو ایک پلیٹ فارم میسر آئے گا، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو مسابقتی تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ ٹیموں کی 29 ستمبر کو آمد اور اگلے روز گروپس کے ڈرا کے ساتھ چیمپئن شپ کے یکم اکتوبر سے آغاز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔