
لاہور (سٹاف رپورٹر) 15اکتوبر 2025– عوام دوست پاکستان کے چیئرمین فرخ سہیل گوئندی اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اشرف نظامی نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور کیے گئے نئے مقامی حکومت ایکٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانون جمہوریت کی روح، مقامی خودمختاری اور عوامی نمائندگی کے اصولوں کے منافی ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ “مقامی حکومت کسی بھی جمہوری معاشرے میں عوام کے سب سے قریب ترین اور مؤثر نمائندہ ادارہ ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے جو قانون پنجاب اسمبلی نے منظور کیا ہے، وہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے بجائے بیوروکریسی اور مرکزی حکومت کے ہاتھ مضبوط کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ نئے قانون میں بلدیاتی اداروں کو صرف نمائشی حیثیت دی گئی ہے، جبکہ مالی اور انتظامی خودمختاری کا مکمل فقدان ہے۔ منتخب نمائندوں کو غیر منتخب افسران کے ماتحت کر دینا مقامی حکومت کے تصور کی توہین ہے۔
عوام دوست پاکستان مطالبہ کرتی ہے کہ مقامی حکومتوں کو آئینی حیثیت دی جائے۔ منتخب نمائندوں کو مکمل مالی، انتظامی اور قانون سازی کی خودمختاری دی جائے۔مقامی حکومتوں کے انتخابات بروقت اور شفاف طریقے سے کرائے جائیں۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے مقامی اداروں کو بااختیار اور خودمختار بنایا جائے
ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ عوام دوست پاکستان مقامی جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کو باخبر کرے گی تاکہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔