
لاہور، 07 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستانی مارشل آرٹس ایتھلیٹ فاطمہ نسیم نے ایک منٹ میں انڈے ہاتھوں میں تھام کر انہیں توڑے بغیر 340 مکے مار کر اپنا 10واں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔ فاطمہ نسیم نے پنچنگ کے مقابلے میں سابق بھارتی ایتھلیٹ دیب جیوتی سرکار کا 331 مکے فی منٹ کا ریکارڈ 9 مکے زیادہ مار کر توڑ دیا، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تسلیم کرلیا ہے۔ فاطمہ نے اسٹریچنگ کیٹیگری میں بھی ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جہاں انہوں نے دو کرسیوں کے درمیان ایک منٹ 45 سیکنڈ تک اپنا توازن برقرار رکھا، جبکہ سابق ریکارڈ ایک منٹ 30 سیکنڈ کا تھا۔ ان کامیابیوں کے ساتھ فاطمہ نسیم 10 گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔ وہ اس سے قبل معروف لچکدار ایتھلیٹ لبرٹی باروس، جرمن مارشل آرٹس ایتھلیٹ پالینا گلیبووا اور بھارتی مارشل آرٹسٹ کرن یونیال سے متعلق ریکارڈز بھی توڑ چکی ہیں۔ فاطمہ نسیم کے خاندان میں بھی عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی روایت موجود ہے، ان کے والد، والدہ، دادا اور بھائی بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز حاصل کر چکے ہیں۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق خاندان کے افراد نے مجموعی طور پر پاکستان کے لیے 180 سے زائد عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں، جو اس خاندان کی منفرد ریکارڈ ساز روایت کو اجاگر کرتا ہے۔