Thursday, November 19

پاکستان کا اقوام متحدہ میں بھارت پر مشترکہ دریاؤں کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنے کا الزام، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی مسترد

Pakistan Accuses India of Weaponizing Shared Rivers, Rejects Unilateral Suspension of Indus Waters Treaty at UN

اقوام متحدہ، 19 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پاکستان کے حصے کے پانی کی فراہمی کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ نئی دہلی مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی دباؤ اور جبر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ قدرتی وسائل اور تنازعات سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے بھارت کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس سے 24 کروڑ سے زائد افراد کے روزگار، معاش اور فلاح و بہبود کو خطرات لاحق ہیں جبکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا خدشہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون اور وسائل سے متعلق تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔ مستقل ثالثی عدالت کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے عثمان جدون نے کہا کہ عدالت نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور بھارت اس کی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کو بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشترکہ قدرتی وسائل کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستانی مندوب نے ترقی پذیر ممالک میں قدرتی وسائل کے منصفانہ انتظام، بین الاقوامی تعاون اور دولت کی مساوی تقسیم کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ اجلاس کے دوران بھارتی مستقل مندوب سفیر ہریش پارتھاناتھنی نے پاکستان کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے مؤقف کا دفاع کیا اور پاکستان کے داخلی معاملات پر بھی تبصرے کیے۔ پاکستان کی جانب سے حقِ جواب استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت حقائق سے توجہ ہٹانے کے لیے بے بنیاد بیانات اور لفاظی کا سہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کسی دوطرفہ پابند معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا کیونکہ سندھ طاس معاہدے میں ایسی کسی کارروائی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ بھارتی مؤقف کہ 1960 میں معاہدے پر دستخط کے بعد دنیا تبدیل ہو چکی ہے، پر ردعمل دیتے ہوئے انصار شاہ نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کو بھی پرانا اور غیر مؤثر سمجھتا ہے؟ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر بھارت کے طرزِ عمل پر بھی تنقید کی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔ پاکستانی مندوب نے پاکستان کے داخلی معاملات پر بھارتی نمائندے کے تبصروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آئین، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اصولوں پر کاربند ہے اور شہریوں کو اپنے رہنما منتخب کرنے اور بنیادی حقوق و آزادیوں کے استعمال کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک اور آزادی اظہار پر پابندیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کے بجائے باہمی تعاون، پائیدار ترقی اور دیرپا امن کا ذریعہ بننا چاہیے۔