Sunday, November 22

پاکستان پرتگال بزنس فورم میں شرکت کے لیے پرتگال کے وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

Portuguese Foreign Minister Arrives in Pakistan for Inaugural Business Forum

اسلام آباد، 22 نومبر 2026 (کامران راجہ): پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رانجل دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو پاکستان پہنچ گئے، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ پاؤلو رانجل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں اور ان کے ہمراہ تقریباً 20 کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل کاروباری وفد بھی موجود ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پرتگالی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور پاکستانی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اپنے دورے کے دوران پاؤلو رانجل 23 نومبر کو اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے منعقد ہونے والے پہلے پاکستان پرتگال بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے۔ فورم میں دونوں ممالک کے کاروباری رہنما، سرمایہ کار اور حکومتی نمائندے شرکت کریں گے اور تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کریں گے۔ کاروباری ملاقاتوں میں زراعت و غذائی پیداوار، قابل تجدید توانائی، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جائے گی۔ پرتگالی وفد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان پرتگال تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا، جہاں پاکستانی کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی۔ بزنس فورم کے اختتام پر اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ پاکستان آمد پر پرتگالی وزیر خارجہ کا استقبال ایڈیشنل سیکریٹری یورپ سفیر عائشہ علی نے کیا۔ پاکستان اور پرتگال کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے حالیہ مہینوں میں کوششوں میں تیزی آئی ہے، اس سلسلے میں ایس آئی ایف سی اور پرتگالی سفیر پاؤلو ڈومنگس کے درمیان ٹیکسٹائل، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ادویہ سازی اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہو چکی ہے۔ کھیلوں کے شعبے میں بھی تعاون کے امکانات سامنے آئے ہیں، جہاں پرتگالی فٹ بال کلب ایف سی پورٹو نے فارورڈ اسپورٹس کے اشتراک سے سیالکوٹ میں ڈریگن فورس اکیڈمی قائم کی ہے۔ سفارتی روابط میں اضافے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارت اپنی حقیقی استعداد سے کم ہے، جبکہ پرتگالی حکام نے دونوں ملکوں کے کاروباری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ براہ راست شراکت داری قائم کریں اور قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت، پھلوں کی کاشت اور جدت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی پرتگالی کمپنیوں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی، جبکہ پاکستان پرتگال بزنس فورم کے قیام کی تجویز پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔