Wednesday, April 1

پاکستان فٹبال ٹیم کی میانمار کے خلاف میچ سے قبل تیاریوں اور عزم کا اظہار

Pakistan National Team Confident Ahead of Myanmar Clash Following Strong Preparations The pakistan Times

اسلام آباد، 28 مارچ(کامران راجہ): 2026 پاکستان قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے میانمار کے خلاف آئندہ میچ سے قبل اپنی تیاریوں، ٹیم کمبینیشن اور جیت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی محب اللہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی تیاری گزشتہ چند دنوں میں کافی بہتر رہی ہے۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کی جانب سے مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے جبکہ کوچنگ اسٹاف بھی بہترین رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

گزشتہ میچ کے تجربے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کیمپ کے ساتھ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے اور کھلاڑیوں کو گیم ٹائم بھی مل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میانمار ایک مضبوط ٹیم ہے، تاہم پاکستان ٹیم بھی مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پہلے سے بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کرے گی۔

دوسری جانب کھلاڑی وقار بلوچ نے کوچ اسٹیفن قسطنطین سولانو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار اور عالمی شہرت یافتہ کوچ ہیں، جو ٹیم کو دوستانہ اور پرسکون ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوچ کھلاڑیوں کو کھیل سے لطف اندوز ہونے کا درس دیتے ہیں اور لوکل پلیئرز کو آگے لانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن کی جانب سے نیشنل چیلنج کپ کے انعقاد کے بعد اسی ٹیلنٹ سے ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا۔

فٹنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وقار بلوچ نے کہا کہ ٹیم کی جسمانی فٹنس تسلی بخش ہے اور ٹرینر ریان عباسی کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے۔ انہوں نے رمضان کے دوران پیش آنے والی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب ٹیم کو مناسب وقت مل چکا ہے اور وہ بہتر کارکردگی کے لیے تیار ہے۔

فینز کے کردار پر زور دیتے ہوئے محب اللہ آفریدی نے کہا کہ خالی اسٹیڈیم میں کھیلنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ فٹبال تماشائیوں کے بغیر ادھورا ہے۔ انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اسٹیڈیم آ کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔

ٹیم کمبینیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ نئے کھلاڑیوں نے بھی جلد ٹیم میں ہم آہنگی پیدا کر لی ہے۔ ٹیم کے اندر دوستانہ ماحول موجود ہے جو بہتر کارکردگی میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

حالیہ نتائج کے تناظر میں وقار بلوچ نے کہا کہ ٹیم کو جیت کی بھرپور امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ میں مضبوط ٹیمیں شامل ہیں، تاہم پاکستان نے ماضی میں بھی اچھے مقابلے کیے ہیں اور میانمار کے خلاف گزشتہ میچ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹیم اس بار مزید بہتر تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔