
اسلام آباد، 17 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان اور برطانیہ نے کان کنی اور معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) اور برٹش جیولوجیکل سروے (بی جی ایس) کے درمیان شراکت داری کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت ارضیاتی نقشہ سازی، سائنسی تحقیق اور معلومات کے تبادلے پر توجہ دی جائے گی۔ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں اداروں نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا مسودہ تیار کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں معدنی وسائل کی ذمہ دارانہ، شفاف اور پائیدار ترقی کے لیے تکنیکی مہارت اور مستند ارضیاتی معلومات تک رسائی بہتر بنانا ہے۔ مجوزہ معاہدہ حتمی ادارہ جاتی منظوری سے مشروط ہے، جس کا اعلان برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے 13 نومبر کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران کیا۔ جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم کان کنی کا شعبہ ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں دو فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معدنی ذخائر کو پائیدار روزگار، برآمدات اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے مستند ارضیاتی معلومات، مضبوط ادارے اور ماحول دوست و شفاف سپلائی چینز ضروری ہیں۔ مجوزہ شراکت داری کے تحت طویل مدتی تعاون، تکنیکی معلومات کے تبادلے، پیشہ ورانہ تربیت، ارضیاتی سروے، تحقیق اور ڈیٹا کے بہتر انتظام سمیت اہم معدنیات اور ماحولیاتی پائیداری پر بھی کام کیا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق برطانیہ کے ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام (ریمیٹ) کے تحت جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کے لیے پہلے ہی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت پاکستانی ماہرین کو ڈیجیٹل ارضیاتی سروے، جیوکیمیکل نمونوں کے حصول، فضائی جیو فزکس، جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) کے ذریعے نقشہ سازی اور اسپیکٹرل ریموٹ سینسنگ کے شعبوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق عملی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اس اقدام میں آئی جی ایس کے زیر اہتمام 16 ہفتوں پر مشتمل ادارہ جاتی استعداد سازی کا پروگرام بھی شامل ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں کو عالمی معیار کی برطانوی مہارت کے ساتھ یکجا کرکے اداروں کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور مقامی آبادی کے لیے طویل مدتی معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ برطانیہ کی مالی معاونت سے جاری ریمیٹ پروگرام پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے، تجارت اور برآمدات میں اضافے، محصولات کی وصولی مضبوط بنانے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں بھی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان کے معدنی شعبے میں تانبے، سونے، کوئلے، کرومائٹ، نمک اور مختلف صنعتی معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جو ملکی اقتصادی ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔