
اسلام آباد، 9 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور ایتھوپیا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعلیمی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں اہم بات چیت جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر ایچ اوبا اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے درمیان ملاقات کے دوران ہوئی۔ ملاقات میں ادارہ جاتی روابط، اعلیٰ تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، طلبہ کے تبادلے، تحقیق اور ترقی سمیت باہمی تعاون کے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر نے تعلیمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور عالمی جنوب میں مشترکہ ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ایتھوپیا کی نوجوان آبادی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ملک مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور روبوٹکس جیسے جدید شعبوں میں مہارتوں کے فروغ کو ترجیح دے رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں شروع کیے گئے ’’پانچ ملین ایتھوپیائی کوڈرز‘‘ پروگرام کی کامیابی کو بھی اجاگر کیا، جس کے ذریعے نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ اور ہنرمند افرادی قوت کو وسعت دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایتھوپیا کی معاشی ترقی کو سراہتے ہوئے افریقی ممالک، بالخصوص ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔