
اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے شین ژو-24 خلائی مشن کے دوران چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے، وہ چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔ پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر منتخب ذیشان علی خلائی اسٹیشن پر عملے کے معمول کے امور میں حصہ لینے کے ساتھ پاکستان اور چین کے مشترکہ سائنسی تجربات پر توجہ دیں گے، جن میں تجرباتی نمونے اور آلات نصب کرنا اور طے شدہ شیڈول کے مطابق تحقیق کرنا شامل ہوگا۔ چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے ترجمان ژانگ جنگ بو کے مطابق مشترکہ مشن کی تیاری کے لیے خلا بازوں کو خلائی جہاز اور خلائی اسٹیشن کے نظام، سائنسی تجربات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ تربیتی پروگرام میں ٹیم ورک، باہمی رابطہ کاری، تکنیکی خرابیوں کے حل اور چینی زبان کی تعلیم بھی شامل تھی تاکہ مشن کے دوران مؤثر رابطہ یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ عملے کی تربیت اور تیاریاں تسلی بخش انداز میں جاری ہیں اور تمام ارکان نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے۔ مختصر دورانیے کے مشترکہ خلائی مشن کی تکمیل کے بعد ذیشان علی شین ژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔