
اسلام آباد، 24 نومبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور محصولات میں اضافے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں الگ سیلز ٹیکس زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید ڈیجیٹل کارگو ٹریکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے سامان کی ترسیل پر لوڈنگ سے منزل تک نظر رکھی جائے گی۔ اس نظام کی نگرانی کے لیے صوبائی نمائندگی پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔ ایف بی آر کراچی کے کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعت کاروں کو براہ راست سہولیات فراہم کرنے کے لیے دفتر قائم کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر کسٹمز کلیئرنس اور امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے اور تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جدید اسکیننگ نظام فعال بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈڈ گوداموں کے آڈٹ میں 24 ارب 40 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جن کی قانونی طریقہ کار کے تحت وصولی جاری ہے۔ وزیراعظم نے بلاامتیاز کارروائی اور رقوم کی وصولی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حکام نے بتایا کہ انڈس کلیکٹریٹ نے 302 کارروائیوں کے دوران ایک ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کا غیرقانونی سامان ضبط کیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی وصولی کے نظام کو الگ کرنے کا فیصلہ سیلز ٹیکس کے بڑھتے ہوئے ریونیو خسارے کے پیش نظر کیا گیا ہے، جو اندازاً 3.4 ٹریلین روپے تک پہنچ چکا ہے۔ نئے نظام کے تحت دونوں ٹیکسوں کے لیے الگ ماہر افسران تعینات ہوں گے، تاہم ان کا انتظام بدستور ان لینڈ ریونیو سروس کے تحت رہے گا۔