Thursday, November 19

ویئرلے بورمن کے فیصلہ کن گول سے چیلسی ویمنز چیمپئنز لیگ میں سرفہرست

Buurman’s Late Strike Sends Chelsea to Top of Women’s Champions League

پیرس، 19 نومبر 2026 (نوشین): چیلسی نے ویمنز یوئیفا چیمپئنز لیگ کے لیگ مرحلے میں پیرس سینٹ جرمین کو ایک صفر سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی، نیدرلینڈز کی دفاعی کھلاڑی ویئرلے بورمن نے میچ کے 87ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ اس فتح کے بعد چیلسی نے گزشتہ سیزن کی رنرز اپ لیون اور دفاعی چیمپئن بارسلونا کو پیچھے چھوڑ دیا، دونوں ٹیمیں جمعرات کو اپنے میچز کھیلیں گی۔ چیلسی کی مڈفیلڈر کیرا والش نے کہا کہ ٹیم نے میچ سے قبل ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ دن کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ آخری لیگ میچ سے قبل ٹیم مضبوط پوزیشن میں ہے۔ دوسری جانب مانچسٹر سٹی اور ریال میڈرڈ نے بھی پانچویں راؤنڈ میں اہم فتوحات حاصل کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ انگلش چیمپئن مانچسٹر سٹی نے سویڈش کلب ہیکن کو دو صفر سے شکست دی، جس میں متبادل کھلاڑیوں لارین ہیمپ اور خدیجہ شا نے دوسرے ہاف میں گول اسکور کیے۔ ہیمپ نے 56ویں منٹ میں ڈیفلیکٹڈ شاٹ کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 77ویں منٹ میں خدیجہ شا نے دوسرا گول کرکے کامیابی یقینی بنادی۔ اس فتح کے بعد مانچسٹر سٹی 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئی اور پوائنٹس کے اعتبار سے ریال میڈرڈ کے برابر ہوگئی، تاہم بہتر گول فرق کی بنیاد پر سٹی کو برتری حاصل ہے۔ ریال میڈرڈ نے بھی انٹر میلان کو تین ایک سے شکست دی، اطالوی ٹیم کو میچ کے پہلے ہاف کے اختتام سے تین منٹ قبل کارولینا ولہیالمسڈوٹیر کے ریڈ کارڈ کے باعث دس کھلاڑیوں تک محدود ہونا پڑا۔ لینیتھ بیرینسٹین نے 28ویں منٹ میں ریال میڈرڈ کو برتری دلائی، تاہم انٹر میلان کی میکیلا کامبیاغی نے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ اس کے بعد ڈنمارک کی فارورڈ کھلاڑی سگنے برون نے متبادل کے طور پر میدان میں اترنے کے بعد میچ کے آخری لمحات میں دو گول اسکور کیے، جن میں ایک پنالٹی بھی شامل تھی۔ ایک اور مقابلے میں یووینٹس نے بیلجیئم کے کلب او ایچ لیوون کو دو صفر سے شکست دی، ایناماریا سیروتورینی اور ماتیلڈے پاوان نے آخری چھ منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی، جس کے بعد یووینٹس پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر آگئی۔ بائرن میونخ اور آرسنل کے بھی آٹھ، آٹھ پوائنٹس ہیں، جبکہ جرمن کلب جمعرات کو آسٹریا ویانا کے خلاف میدان میں اترے گا۔