Monday, August 3

وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف اور پی ایم ایل (ن) کے کامیاب امیدواروں کو آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

اسلام آباد، 3 اگست 2026 (نوشین): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی یہ مسلسل کامیابی محمد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت، مؤثر حکمت عملی، پارٹی قیادت اور کارکنان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں ایک منظم، بھرپور اور کامیاب انتخابی مہم چلائی، جس کے نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے پارٹی کی پالیسیوں اور ترقیاتی وژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور خطے کی تیز رفتار ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل جمہوری نظام کے استحکام اور سیاسی عمل کے فروغ کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔ واضح رہے کہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 19 میں سے 14 نشستیں حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔