
اسلام آباد، 14 اکتوبر 2026 (نوشین): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود سے ملاقات کے دوران سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مکہ معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے مملکت سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو معاہدے کے دائرہ کار میں شریک ممالک کے درمیان دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔