Monday, August 31

وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچ گئ

PM Shehbaz Arrives in Kyrgyzstan to Attend SCO Summit

اسلام آباد، 31 اگست 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ 31 اگست سے 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔ کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین ادیل بیک کاسیملیوف نے ماناس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کرغزستان کے صدر صادیر نورگوزوئیچ ژاپاروف کی دعوت پر ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔دورہ بشکیک کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس اور ایس سی او پلس سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی پاکستان کی صدارت بھی سنبھالیں گے۔

وزیراعظم ایس سی او اجلاس کے موقع پر شریک ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست کو ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ 2 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف سے دوطرفہ مذاکرات کریں گے، جن میں پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔