Saturday, June 22

نیویارک میں منعقد ہونے والے ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2024 میں پاکستان پویلین کو “بہترین ان شو – انٹرنیشنل ٹورازم ڈویلپمنٹ” کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔

Pakistan wins the “Best In-Show – International Tourism Development” award at the Travel and Adventure Show, 2024 in New York. The Pakistan Times

نیویارک میں منعقد ہونے والے ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2024 میں پاکستان پویلین کو “بہترین ان شو – انٹرنیشنل ٹورازم ڈویلپمنٹ” کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔
سیاحت کے فروغ کے حوالے سے 27-28جنوری کو نیو یارک میں منعقد ہونے والے اس اعلیٰ سطحی ایونٹ میں دنیا بھر سے 550 سے زیادہ ٹور کمپنیاں، کروز لائنز اور سیاحت سے متعلقین شرکت کر رہے ہیں۔ اس شو میں تقریباً 190 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، نیو یارک میں پاکستانی قونصلیٹ اور نجی شعبے کی کمپنیوں کے اشتراک سے قائم کیے جانے والے پاکستانی پویلین کا افتتاح امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کیا۔ اس موقع پر وزیر سیاحت گلگت بلتستان جناب غلام محمد، سابق وزیر سیاحت گلگت بلتستان جناب راجہ ناصر علی خان اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل جناب عامر احمد اتوزئی موجود تھے۔
پی ٹی ڈی سی، ٹی ڈی اے پی اور نجی شعبے کی 24 کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل 60 رکنی وفد ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔ ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں پاکستانی کاریگروں کی مہارت اور ملک کی متنوع سیاحت کی استعداد کو دنیا بھر کے سامنے پیش کرے گا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ٹریول اینڈ ایڈونچر شو ایک شاندار ایونٹ ہے جس میں دنیا بھر سے نمائندگان اور ٹورآپریٹرز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ پاکستان پویلین کو انٹرنیشنل ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں بہترین ان شو کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان میں موجود سیاحتی استعداد خاص طور پر ملک کا ایڈونچر اور ایکو ٹورازم دنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس انتہائی خوبصورت اور غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات ہیں جن میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
گذشتہ انیس سالوں سے زائد اور 118 کامیاب ایونٹس کے نتیجے میں ٹریول اینڈ ایڈوینچر شو نے تقریباً 25 لاکھ سیاحت کے شوقین افراد، پندرہ ہزار ٹریول ایڈوائزر اورٹریول میڈیا کو دنیا بھر کی 4,500 سے زیادہ مختلف نمائشی کمپنیوں کے ساتھ جوڑا ہے جس نے 6 بلین ڈالر سے زائد کی ٹریول بکنگز کی گئی ہیں۔

Pakistan wins the “Best In-Show – International Tourism Development” award at the Travel and Adventure Show, 2024 in New York. The Pakistan Times
پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے شرکاء کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور پاکستان کی قدیم تہذیبوں اور قدرتی عجائبات کو دیکھنے کی دعوت دی۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ دنیا بھر میں ہماری پاکستانی کمیونٹی کو اپنی طرف بلاتی ہے کہ آئیں اور اپنی مادر وطن کی خوبصورتی کے سرپرست بنیں اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ آئیں مل کر پاکستان کو دنیا کے سامنے پیش کریں ۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں ریاستی وزیر برائے سیاحت اور چیئرمین پی ٹی ڈی سی وصی شاہ نے انتظامات اور پویلین میں پاکستان کے تمام خطوں کی موجودگی کو یقینی بنانے پر منتظمین کو مبارکباد دی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی جس سے نہ صرف ملک کی سیاحتی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان کے بہتر امیج کو ابھارنے میں بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ ایونٹ میں ہماری شرکت سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

Pakistan wins the “Best In-Show – International Tourism Development” award at the Travel and Adventure Show, 2024 in New York. The Pakistan Times
حال ہی میں اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے یو این ڈبلیو ٹی او کی جانب سے پاکستان کو اعلیٰ سیاحتی مقام کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے جہاں سیاحوں کی آمد و رفت میں 115 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی سیاحت کی ترقی میں پاکستان کے لیے بہترین ان شو ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے، سی ای او اور ٹریول اینڈ ایڈونچر شو کے بانی مسٹر جان گولِکز نے پاکستان کے ٹور آپریٹرز اور پیشہ ور افراد کو سراہا۔
نیویارک میں سالانہ منعقد ہونے والا ٹریول اینڈ ایڈونچر شو سرفہرست بین الاقوامی اور گھریلو سفری مقامات، ٹور آپریٹرز، کروز لائنز اور سفری فراہم کنندگان کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم ہے۔
بعد ازاں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستان سے آئے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں سفیر مسعود خان، وزیر مملکت برائے سیاحت و امور نوجوانان، جی بی ،جناب غلام محمد، وزیر منصوبہ بندی جی بی، جناب راجہ ناصر سمیت وفد کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے ملک کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آنے والے سیاحوں کو تمام ضروری سہولیات اور انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے امریکی سیاحوں کی جانب سے ملکی سیاحت میں خصوصی دلچسپی کو بھی اجاگر کیا۔