Wednesday, August 12

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

اسلام آباد، 11 اگست 2026 (نوشین): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ پاکستان مارچ 2027 میں ان کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم نے کھیلوں کے مختلف اہم امور کی نگرانی کے لیے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی، جن میں مالی معاملات، انفراسٹرکچر کی ترقی اور اپ گریڈیشن، کھلاڑیوں کی تربیت و تیاری اور لاجسٹک انتظامات شامل ہیں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ بروقت منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے کو یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستان ان کھیلوں کی بہترین معیار کے مطابق میزبانی کر سکے .انہوں نے کہا کہ 14ویں جنوبی ایشیائی کھیل پاکستان کے لیے اپنی کھیلوں کی صلاحیت، مہمان نوازی اور انتظامی استعداد دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا اہم موقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کھیلوں کے ذریعے دنیا کو امن، دوستی، خیرسگالی اور ہم آہنگی کا پیغام بھی دیا جائے گا۔اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی طارق باجوہ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید، سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ، وزارت خزانہ کے حکام اور پنجاب و خیبر پختونخوا کی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔