
اسلام آباد، 16 اکتوبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین اور قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر ضروری اشیا کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے جمعہ کے روز کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کے ذخائر، فراہمی کے انتظامات اور قیمتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے اشیائے ضروریہ کے وافر ذخائر موجود ہیں اور کسی قسم کی قلت کا خدشہ نہیں، جبکہ قیمتیں بھی مستحکم ہو رہی ہیں۔ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق متعلقہ اداروں کو سپلائی اور قیمتوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری تجارت اور متعلقہ وفاقی و صوبائی وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔