Thursday, November 19

مغربی طاقتوں کا ایران سے جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے کا مطالبہ

Western powers urge Iran to allow nuclear inspections at bombed sites

اسلام آباد، 19 نومبر 2026 (غفران): امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گزشتہ سال جون میں امریکی اور اسرائیلی حملوں سے متاثر ہونے والی جوہری تنصیبات تک اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو دوبارہ رسائی دے، جبکہ تہران پر عالمی نگرانی میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں چاروں ممالک نے ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے سے متعلق معلومات کی عدم فراہمی پر تشویش ظاہر کی۔ ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی کے مطابق گزشتہ سہ ماہی کے دوران معائنہ کاروں نے صرف بوشہر کے غیر متاثرہ جوہری بجلی گھر کا دورہ کیا۔ مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ متاثرہ تنصیبات کے معائنے میں کوئی تکنیکی رکاوٹ نہیں اور ایران کو ایجنسی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ دوسری جانب ایران نے معائنوں میں تعطل کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کی فوجی دھمکیوں کو قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ معائنوں کے دوران حاصل ہونے والی معلومات مستقبل میں مزید حملوں کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں۔ تہران نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر امریکا کی جانب سے 2 کروڑ ڈالر تک انعام کی پیشکش پر بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ سفارتی مذاکرات میں تعطل اور ممکنہ نئے فوجی حملوں کے خدشات کے باعث ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔