Friday, November 20

مس یونیورس ویتنام 2026 سے صرف 48 روز بعد تاج واپس لے لیا گیا

Miss Universe Vietnam 2026 Loses Crown Just 48 Days After Winning Title

ہنوئی، 20 نومبر 2026 (نوشین): ویتنام کی 27 سالہ حسینہ نگوین کوئن آئن سے مس یونیورس ویتنام 2026 کا اعزاز حاصل کرنے کے محض 48 روز بعد تاج واپس لے لیا گیا، ان پر معطلی کے دوران انتظامیہ کی اجازت کے بغیر تقریبات میں شرکت اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مس یونیورس ویتنام کا انعقاد کرنے والی کمپنی فائیو سکس انٹرٹینمنٹ نے 18 نومبر کو اعلان کیا کہ نگوین کوئن آئن کا اعزاز فوری طور پر واپس لیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق حسینہ نے چھ ماہ کی معطلی کے دوران انتظامیہ کی اجازت کے بغیر مختلف تقریبات میں شرکت کی اور کام کے مواقع بھی قبول کیے۔ انتظامیہ نے ایک دوسری مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ ان کے معاہدے پر بھی اعتراض اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ نگوین نے مس یونیورس ویتنام کی انتظامیہ کو اعتماد میں لیے بغیر ایک تقریب میں خصوصی معاہدے کا اعلان کیا، جس سے مقابلے کی ساکھ متاثر ہوئی۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ 27 سالہ حسینہ تنازع کا شکار ہوئی ہوں۔ اکتوبر میں ان کی ساتھی امیدوار اور مقابلے میں پہلی رنر اپ ترن مائی آئن کے ساتھ مبینہ نجی گفتگو کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر سامنے آئے تھے، جن میں دیگر امیدواروں اور مقابلے سے وابستہ افراد کے بارے میں نامناسب تبصرے کیے گئے تھے۔ اس معاملے پر نگوین کوئن آئن نے معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ حسن کا مقابلہ جیتنے کے بعد انہیں اپنے الفاظ اور رویے کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکہ حسن کا تاج پہننے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ غلطیاں نہیں کرسکتیں، تاہم اس اعزاز کے ساتھ زیادہ ذمہ داری بھی آتی ہے۔ اس تنازع کے بعد انتظامیہ نے 25 اکتوبر کو انہیں چھ ماہ کے لیے معطل کردیا تھا۔ نگوین نے حال ہی میں کمپنی کو آگاہ کیا تھا کہ انہیں علاج کے لیے کچھ وقت درکار ہے اور وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق مینجمنٹ معاہدے پر دستخط نہیں کرسکتیں۔ تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس دوران وہ دیگر پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور تقریبات میں شرکت کرتی رہیں، جس سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اور مقابلے کی ساکھ متاثر ہوئی۔ انتظامیہ کے مطابق انہی وجوہات کی بنا پر ان سے تاج واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ نگوین کوئن آئن نے تاحال تازہ الزامات اور اعزاز واپس لیے جانے کے فیصلے پر عوامی سطح پر اپنا مؤقف پیش نہیں کیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پورٹو ریکو میں عالمی مس یونیورس مقابلے کا آغاز ہوچکا ہے، تاہم اس سال ویتنام کی کوئی امیدوار اس مقابلے میں شریک نہیں ہے۔ ویتنام نے اس سے قبل آخری مرتبہ 2014 میں عالمی مس یونیورس مقابلے میں شرکت نہیں کی تھی۔