فجیرہ، 12 نومبر 2026 (غفران): متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے، حادثے میں پانچ ٹرکوں سمیت 18 دیگر گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں متحدہ عرب امارات، پاکستان، بھارت، عمان، برازیل، اردن اور مصر کے شہری شامل ہیں، جبکہ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ فجیرہ پولیس کے مطابق حادثہ شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر فجیرہ کے داخلی راستے کے قریب پیش آیا، جہاں ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ابتدائی طور پر ایک دوسری گاڑی سے ٹکرا گیا۔ ٹرک بعدازاں الٹ کر ٹریفک کی وجہ سے سست رفتار یا رکی ہوئی متعدد گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔ تصادم کے نتیجے میں ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور شاہراہ پر تباہی کا منظر پیدا ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی کارکنوں، ایمبولینس سروس اور شہری دفاع کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے آگ پر قابو پانے کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 30 افراد میں سے 15 کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ باقی 15 تاحال زیر علاج ہیں۔ فجیرہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے قانونی اور فنی تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہیں پھیلانے سے گریز کرنے اور تازہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
