
راولپنڈی، 23 نومبر 2026 (کامران راجہ): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں اور دوطرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پوتراجایا میں وزیراعظم انور ابراہیم سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پردانا پترا میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون اور خطے سمیت عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہتے ہوئے بالخصوص دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، فوجی تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سلامتی کے امور پر مسلسل مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملائیشیا کی وزارت دفاع (من ڈیف) کوالالمپور پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تن سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور ملائیشین بری فوج، رائل ملائیشین نیوی اور رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نوردین سے ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، جس میں دفاعی تعاون کے فروغ، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر (پوسپاہناس) کا دورہ بھی کریں گے، جہاں ایک خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم کے 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔