Tuesday, November 10

فرانس میں فسادات کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا دینے کی روسی خفیہ نیٹ ورک کی کوشش، یورپی یونین کی رپورٹ

Covert Russian Network Exploited French Riots Through Social Media: EU Report

اسلام آباد، 9 نومبر 2026 (غفران): یورپی یونین کی ایک داخلی رپورٹ کے مطابق روسی خفیہ نیٹ ورک نے گزشتہ ماہ فرانس میں ہونے والے فسادات سے فائدہ اٹھانے کے لیے سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات پھیلائیں اور بدامنی کا ذمہ دار بے قابو امیگریشن کو قرار دینے کی کوشش کی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آپریشن اوورلوڈ نامی اس نیٹ ورک نے مغربی میڈیا اداروں کی نقالی کرتے ہوئے جعلی ویڈیوز گردش کیں، جن میں جھوٹے دعوے کیے گئے کہ تارکین وطن نے مظاہرین پر حملے کیے ہیں اور دہشت گرد حملے ہونے والے ہیں۔ فرانس کی وزارت خارجہ کی ایک علیحدہ رپورٹ میں اسرائیل اور امریکی میگا تحریک سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی نشاندہی کی گئی، جو فسادات کو امیگریشن اور انتہا پسند اسلام سے جوڑنے والے مخالفانہ بیانیے پھیلا رہے تھے۔ یورپی یونین کی رپورٹ کے مطابق روس نے فرانس کی قیادت کو کمزور اور بڑھتے ہوئے آمرانہ طرزِ حکمرانی کی حامل ظاہر کرنے کی کوشش کی تاکہ ملک میں خوف اور سیاسی تقسیم کو فروغ دیا جاسکے۔ فرانسیسی رپورٹ کے مطابق 16 سے 18 اکتوبر کے دوران میگا سے منسلک عہدیداروں، میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا شخصیات کی دس سب سے زیادہ دیکھی جانے والی پوسٹس کو 4 کروڑ 90 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، جبکہ اسرائیلی عہدیداروں اور سوشل میڈیا شخصیات سے منسلک پوسٹس کو 3 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ ویوز ملے۔ اس کے مقابلے میں روس نواز اکاؤنٹس کی دس مقبول ترین پوسٹس کو تقریباً 28 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا۔ دونوں رپورٹس میں کہا گیا کہ روس یا دیگر غیر ملکی عناصر کی جانب سے مظاہروں کو شروع کرنے یا ان میں شدت پیدا کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، تاہم ان عناصر نے سیاسی مقاصد کے لیے بدامنی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ فرانس کے مختلف شہروں میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوامی خدمات میں کمی کے خلاف مظاہروں کے دوران فسادات پھوٹ پڑے تھے، جن کے نتیجے میں ملک کو کئی دہائیوں کی بدترین بدامنی کا سامنا کرنا پڑا۔