Thursday, November 19

غزہ میں اسرائیلی حملے، مزید تین فلسطینی شہید

Israeli forces kill three Palestinians in fresh Gaza attacks

اسلام آباد، 19 نومبر 2026 (کامران راجہ): غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں اور ٹینکوں کی پیش قدمی کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی شہید ہو گئے، جس سے جنگ بندی کی صورتحال مزید غیر مستحکم ہو گئی ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق وسطی غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے قریب فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید ہوا، جبکہ دیر البلح اور غزہ سٹی میں الگ الگ حملوں کے دوران مزید دو افراد جان سے گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائیوں کا ہدف حماس کا بنیادی ڈھانچہ تھا۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے کم از کم 1600 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 74 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری جانب امریکی حمایت یافتہ بورڈ آف پیس نے اسرائیل اور حماس دونوں پر جنگ بندی معاہدے کی شرائط پوری نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ معاہدہ ختم ہونے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ رپورٹ میں تعمیر نو کے عمل میں تعطل، اسرائیلی حملوں کے تسلسل اور امدادی سامان کی فراہمی پر پابندیوں پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ حماس نے رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بورڈ اسرائیل کو اس کی کارروائیوں کی ذمہ داری سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ غزہ میں 20 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہو کر محدود ساحلی علاقے میں انتہائی مشکل انسانی حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔