Monday, September 28

صدر زرداری کا شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

President Zardari Reaffirms Commitment to Protect Citizens’ Right to Information

اسلام آباد، 28 ستمبر 2026 (غفران): صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بروقت، معتبر اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ عوام امورِ مملکت میں بامعنی کردار ادا کرسکیں۔ عالمی یومِ رسائی برائے معلومات کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آئینِ پاکستان شہریوں کے حقِ معلومات کے لیے واضح بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم نے آزادیٔ اظہار کے آئینی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا اور آرٹیکل 19-اے متعارف کرایا، جس کے تحت ہر شہری کو عوامی اہمیت کے تمام امور سے متعلق معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، تاہم یہ حق قانون کے تحت عائد ضوابط اور معقول پابندیوں سے مشروط ہے۔ صدر نے کہا کہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 وفاقی سطح پر معلومات تک رسائی کے لیے قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے تیزی سے فروغ نے معلومات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے طریقہ کار کو تبدیل کردیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ دور کا چیلنج صرف معلومات کی دستیابی نہیں بلکہ شہریوں کو قابلِ اعتماد معلومات اور جھوٹی، گمراہ کن یا مصنوعی طور پر تبدیل شدہ معلومات میں فرق کرنے کے قابل بنانا بھی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ عوامی مفاد کے لیے کام کرنے والے صحافی، میڈیا ادارے، ابلاغی ماہرین، محققین اور دیگر ماہرین بدلتے ہوئے معلوماتی ماحول میں شہریوں تک درست معلومات پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منیٹائزڈ گمراہ کن معلومات اور غلط اطلاعات کا مقابلہ کرنے کی کوششیں عوامی مفاد کی صحافت، جائز تنقید یا بامعنی عوامی مباحثے کو دبانے کا ذریعہ نہیں بننی چاہئیں۔ صدر نے کہا کہ سرکاری اداروں کی جانب سے شفافیت، جوابدہی اور ذمہ دارانہ ابلاغ ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بالخصوص ان معاملات پر جو ان کی زندگیوں کو براہِ راست متاثر کرتے ہیں، معتبر ذرائع سے قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔