Friday, September 25

صدرز ٹرافی: فضل اور رضا کی شاندار شراکت، اسٹیٹ بینک کی پوزیشن مستحکم

President’s Trophy: Fazal, Raza’s Record Opening Stand Puts SBP in Commanding Position

اسلام آباد، 26 ستمبر, 2026 (کامران راجہ): صدرز ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ کے دوسرے روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے حسن رضا اور عبداللہ فضل کی ناقابل شکست 378 رنز کی اوپننگ شراکت کی بدولت غنی گلاس کے خلاف میچ میں مضبوط پوزیشن حاصل کرلی۔ غنی گلاس کی ٹیم پہلی اننگز میں 322 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، علی رزاق نے 129 گیندوں پر 101 رنز بنائے، جس میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ارشداللہ اور شاہد عزیز نے تین، تین جبکہ سراج الدین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں حسن رضا نے 203 گیندوں پر 204 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، ان کی اننگز میں 28 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ عبداللہ فضل 207 گیندوں پر 168 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 19 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ اسٹیٹ بینک نے دوسرے روز کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 378 رنز بنا لیے اور پہلی اننگز میں 56 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں سرمد بھٹی کی ناقابل شکست 122 رنز کی اننگز کی بدولت خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) نے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے خلاف 8 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنا لیے۔ سرمد بھٹی نے فہیم اشرف کے ساتھ 145 رنز کی شراکت قائم کی، فہیم اشرف نے 100 گیندوں پر 83 رنز بنائے، جبکہ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے محمد حسنین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں محمد حریرہ کی ناقابل شکست 133 رنز کی اننگز کی بدولت کنگز مین اکیڈمی نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے 355 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنا لیے۔ محمد حریرہ اور محمد سلیمان نے دوسری وکٹ کے لیے 186 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد سلیمان 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کنگز مین اکیڈمی کو پہلی اننگز میں مزید 118 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔ پی ٹی وی کے محمد شہزاد نے پہلے روز فرسٹ کلاس کرکٹ میں کسی پاکستانی کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد 62 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کھیلی۔ دوسری جانب مارخور آئی ٹی سلوشنز نے عطیق الرحمٰن کے 138 رنز کی بدولت سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی۔ جواب میں محمد اسماعیل اور محمد عمران کی ابتدائی وکٹوں کے باعث ایس این جی پی ایل کی ٹیم 32 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی اور کھیل کے اختتام پر اسے 402 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔