
اسلام آباد، 26 نومبر 2026 (غفران):وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے خلاباز کو چین کے خلائی اسٹیشن تک لے جانے والے تاریخی شینزو 24 خلائی مشن کو پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کا عملی ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون اب حقیقی معنوں میں ستاروں تک پہنچ چکا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ یہ تاریخی مشن دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کی گہرائی کا عکاس ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شینزو 24 خلائی مشن 25 نومبر کو جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا، جس میں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب لانچنگ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور اس تاریخی مشن میں پاکستان کی شمولیت ممکن بنانے پر بیجنگ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انسانیت کے وسیع تر مفاد کے لیے چین کی جانب سے اپنے خلائی پروگرام کو دوست ممالک کے لیے کھولنے کے اقدام کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی محض ایک خلاباز کا خلائی سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں اور امنگوں کی ترجمانی کرتی ہے، بالخصوص ملک کے نوجوانوں اور سائنسی برادری کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔