Tuesday, November 3

سیکیورٹی فورسز نے خاران میں چیک پوسٹ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی، پانچ ڈرون مار گرائے

Security Forces Foil Drone Attack on Kharan Checkpost, Shoot Down Five Drones

کوئٹہ، 30 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پانچوں ڈرون مار گرائے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے خاران کے علاقے البت میں کم بلندی پر پرواز کرنے والے ڈرونز کے ذریعے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام پانچ ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی املاک کو نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دریں اثنا، ایک روز قبل بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مناز میں جاری آپریشن ردالفتنہ 3 کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جاتے ہوئے علاقے میں ناکہ بندی قائم کرنے کی کوشش کی تھی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کا تعاقب کیا۔ فرار ہونے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔