
راولپنڈی، 18 اکتوبر 2026 (غفران): سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سہ ملکی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکا نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سعد بیگ نے 39 رنز اسکور کیے۔ حسن نواز نے 37، عرفات منہاس نے 18 اور فخر زمان نے 16 رنز بنائے۔ صائم ایوب سات جبکہ فہیم اشرف چھ رنز بنا سکے۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کو 305 رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سہ ملکی ایک روزہ سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس کے مقابلے 18 سے 31 اکتوبر 2026 تک شیڈول ہیں۔ سات میچوں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں چھ لیگ میچز اور ایک فائنل کھیلا جائے گا، جبکہ تمام مقابلے راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوں گے۔ دریں اثنا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا ایک روزہ میچ چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے لیے مخصوص ہوگا۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، وکٹ کیپر سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل تھے۔ سری لنکا کی ٹیم میں اویشکا فرنینڈو، کمیندو مینڈس، کپتان و وکٹ کیپر کوشل مینڈس، پون رتنا ایکے، سہان آراچیگے، جنتھ لیانگے، داسن شناکا، سچندو کولمبج، ایشان ملنگا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا شامل تھے۔