Tuesday, November 17

سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود پاکستان اور اسرائیل کے سفیروں کی جنیوا میں اقوام متحدہ کے فورم پر ملاقات

Pakistan, Israel Engage Through UN Disarmament Forum Despite Absence of Diplomatic Ties

اسلام آباد، 17 نومبر 2026 (غفران): پاکستان اور اسرائیل کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود ایک غیر معمولی سفارتی پیش رفت میں اسرائیلی سفیر جوناتھن پیلڈ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے سفیر طاہر حسین اندرابی کو اپنی اسناد پیش کیں۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی سفارتی نظام کے تحت ہوئی، جہاں مختلف ممالک کے نمائندے دوطرفہ سفارتی تعلقات کی عدم موجودگی کے باوجود بین الاقوامی اداروں اور فورمز کے ذریعے سرکاری امور میں ایک دوسرے سے رابطہ کرتے ہیں۔ طاہر حسین اندرابی کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ کے صدر کی حیثیت سے شریک ممالک کے سفارت کاروں سے ملاقات کرتے اور اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ اسرائیلی سفیر جوناتھن پیلڈ نے اس ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دونوں سفارت کار اپنے اپنے ممالک کی وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔ طاہر حسین اندرابی نے اعلیٰ سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کے طور پر خدمات انجام دیں، جبکہ وہ اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کے شعبوں میں ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ تیونس اور مالٹا میں پاکستان کے سفیر کے علاوہ بیجنگ اور نیویارک میں بھی سفارتی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ دوسری جانب جوناتھن پیلڈ اسرائیل کے سینئر سفارت کار ہیں اور انہوں نے بھی اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان سمیت مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستان نے 17 اگست سے 11 ستمبر 2026 تک کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ کی گردشی صدارت سنبھالی تھی اور فورم کے طے شدہ طریقہ کار کے تحت 2027 میں اگلی باری آنے تک متعلقہ صدارتی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔ یہ ملاقات اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ بین الاقوامی ادارے ایسے ممالک کے نمائندوں کے درمیان بھی سفارتی رابطوں اور بات چیت کے مواقع فراہم کرتے ہیں جن کے درمیان باضابطہ دوطرفہ سفارتی تعلقات موجود نہیں ہوتے۔