ٹورنٹو، 17 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): معروف آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے دو سالہ چھوٹے بھائی شبھ دیپ سنگھ سدھو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ اپنے بڑے بھائی کے مشہور انداز کی نقل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ دلکش منظر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے اسکوٹیا بینک ایرینا میں سدھو موسے والا کے ہولوگرام ورلڈ ٹور ’’سائنڈ ٹو گاڈ‘‘ کی افتتاحی تقریب کے دوران سامنے آیا۔ ویڈیو میں ننھے شبھ دیپ اپنے بڑے بھائی کا مشہور انداز ’’تھاپی‘‘ اپناتے دکھائی دیے، جس میں گلوکار اپنی ران پر ہاتھ مارتے تھے۔ اس موقع پر ان کے والد بلکور سنگھ اور والدہ چرن کور بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ گلوکار کی اسٹیج پر موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ہولوگرام ٹیکنالوجی، تھری ڈی عکس بندی، خصوصی بصری اثرات اور ان کی اصل آواز استعمال کی گئی، جس سے مداحوں کو ان کی براہِ راست پرفارمنس جیسا تجربہ فراہم کیا گیا۔ تقریب کے موقع پر سدھو موسے والا کے مشہور گانے ’’295‘‘ کی نئی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں گلوکار کی اپنے خاندان کے ساتھ بنائی گئی پرانی ویڈیوز شامل ہیں۔ یہ گانا اصل میں 2021 میں ریلیز ہوا تھا۔ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھ دیپ سنگھ سدھو تھا۔ وہ 29 مئی 2022 کو بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ وہ 11 جون 1993 کو گاؤں موسا میں پیدا ہوئے اور اپنے منفرد انداز اور پنجابی موسیقی میں نمایاں خدمات کے باعث عالمی شہرت حاصل کی۔ ان کی وفات کے بعد 17 مارچ 2024 کو ان کے والدین کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام اپنے آنجہانی بڑے بھائی کی یاد میں شبھ دیپ سنگھ سدھو رکھا گیا۔
