Friday, August 7

خیبرپختونخوا اسمبلی نے ارکان کے لیے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سہولت ختم کر دی

پشاور، 8 اگست 2026 (غفران): خیبرپختونخوا اسمبلی نے ارکان کے مراعات و سہولیات ایکٹ 2026 میں متفقہ طور پر ترامیم منظور کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کو تاحیات سرکاری (بلیو) پاسپورٹ دینے کی متنازع شق ختم کر دی۔ یہ ترامیم ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منظور کی گئیں۔ ترمیم شدہ قانون کے تحت اب سرکاری بلیو پاسپورٹ صرف اس مدت تک مؤثر ہوگا، جب تک رکن صوبائی اسمبلی اپنے عہدے پر فائز رہے گا۔ اسمبلی نے ترمیمی قانون کے ذریعے ہر رکن اسمبلی کے لیے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دوبارہ چار کر دی۔ اس کے علاوہ صحافیوں سے متعلق جرمانوں اور سزاؤں میں بھی کمی کی گئی، جبکہ قانون کے پہلے شیڈول میں شامل دیگر متنازع شقوں میں بھی ترامیم منظور کی گئیں۔

ایک علیحدہ کارروائی میں خیبرپختونخوا اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی، جس میں ہری پور اور ایبٹ آباد کو وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں شامل کرنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر اکبر ایوب کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ ہری پور اور ایبٹ آباد خیبرپختونخوا کا اٹوٹ حصہ ہیں، اور اسمبلی نے صوبے کے اپنے علاقے، قدرتی وسائل اور آئینی، سیاسی و اقتصادی حقوق پر مکمل حقِ ملکیت کا اعادہ کیا۔ اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا کی جغرافیائی سالمیت کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور صوبے کے آئینی حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ترمیمی بل اور قرارداد کی منظوری کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس 10 اگست 2026 تک ملتوی کر دیا۔