
لندن، 17 اکتوبر 2026 (غفران): برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر رولی واکر نے جنگ کے خطرات کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ ممکنہ جنگ کے لیے تیاری کی ضرورت کے بارے میں عوام سے کھل کر بات کرے۔ شمالی یارکشائر میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سر رولی واکر نے کہا کہ برطانوی عوام کو آگاہ کیا جانا چاہیے کہ ملک کے دفاع کے لیے انہیں قربانیاں دینا اور اپنا کردار ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ قوم کو مستقبل میں ان کی ضرورت پڑنے والی ہے، جبکہ سیاسی قیادت کو ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے عوام کو قربانیاں دینے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بھی عوامی آگاہی کی ایک نئی مہم شروع کرنے والے ہیں، جس کا مقصد لوگوں کو مختلف ہنگامی حالات، بحرانوں، سیلاب، خشک سالی اور جنگ کے لیے تیار رہنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس مہم کے ذریعے ممکنہ قومی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عوامی تیاری اور صلاحیت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل ہونے والے سروے میں 48 فیصد افراد نے کہا تھا کہ وہ جنگ میں حصہ لینے کے حامی نہیں ہیں۔ سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ قومی سلامتی اور دفاعی تیاری کے حوالے سے عوامی حمایت حاصل کرنا برطانوی سیاسی قیادت کے لیے ایک اہم چیلنج ہو سکتا ہے۔